پاکستان کرکٹ میں اہم انتظامی اور ٹیمی تبدیلیوں کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت، سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ سے متعلق بڑے فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آئندہ اہم اجلاسوں میں قومی کرکٹ کے ڈھانچے میں ردوبدل پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی جگہ سلمان علی آغا کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کی تجویز زیر غور ہے حالیہ عرصے میں سلمان علی آغا کی قائدانہ صلاحیتوں اور ٹیم میں ان کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کا مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم انتظامی تقرریوں پر بھی غور جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان محمد حفیظ کا نام پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کے عہدے کے لیے زیر غور ہے جبکہ سابق قومی کپتان اور مایہ ناز بیٹر یونس خان کو بھی کرکٹ معاملات میں اہم ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی کارکردگی مستقبل کے بین الاقوامی دوروں اور بڑے ایونٹس کی تیاریوں کے پیش نظر سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ پی سی بی قیادت قومی کرکٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت جمعہ اور ہفتہ کو اہم اجلاس منعقد ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران متعدد اہم ملاقاتیں بھی طے کی جا چکی ہیں جن میں قومی کرکٹ کے مستقبل، انتظامی ڈھانچے اور ٹیم کی قیادت سے متعلق معاملات پر غور کیا جائے گا۔
کرکٹ حلقوں کی نظریں اب ان اجلاسوں پر مرکوز ہیں جہاں قومی ٹیم کی قیادت اور پی سی بی کے اہم عہدوں سے متعلق بڑے فیصلوں کا اعلان متوقع ہے۔ تاہم حتمی فیصلوں کا باضابطہ اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا جائے گا۔