اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی وصولی کے عمل کو مؤثر اور بروقت بنانے کیلئے ملک بھر کے بینکوں کے اوقاتِ کار میں توسیع کر دی ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق یہ فیصلہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام کمرشل بینکوں کی شاخیں 29 مئی کو شام 5 بجے 30 منٹ تک کھلی رہیں گی تاکہ سرکاری محصولات کی وصولی کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔ اسی طرح ہفتہ کے روز کھلنے والی بینک شاخیں 30 مئی کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے 30 منٹ تک اپنی خدمات فراہم کریں گی۔
مرکزی بینک نے بینکنگ سیکٹر کو ہدایت کی ہے کہ وہ خصوصی کلیئرنگ کے عمل کی تکمیل تک اپنی شاخیں کھلی رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی مالی رکاوٹ یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق اس دوران انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل بینکنگ ایپس، اے ٹی ایم مشینیں اور دیگر ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارمز بھی بلا تعطل فعال رہیں گے تاکہ صارفین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ ٹیکس نظام کو سہل بنانے اور مالی لین دین کو بروقت مکمل کرنے کیلئے کیا گیا ہے تاکہ مالی سال کے اہم اہداف کو حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔