انمول پنکی کی کہانی پردۂ اسکرین پر لانے کی تیاری

انمول پنکی کی کہانی پردۂ اسکرین پر لانے کی تیاری

پاکستان بھر میں منشیات نیٹ ورک چلانے کے الزامات کے باعث خبروں میں آنے والی انمول پنکی پر بایوپک بنائے جانے کی اطلاعات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق نجی چینل کے پروڈکشن ہاؤس سیونتھ سکائی انٹرٹینمنٹ کی جانب سے انمول پنکی کی زندگی پر مبنی ایک ڈرامہ یا بایوپک تیار کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ معروف اداکارہ صبا قمر اس منصوبے میں مرکزی کردار ادا کریں گی، جبکہ اس کی کہانی کو شاہزیب خانزادہ تحریر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :ہانیہ عامر نے عالمی سطح پر ایک اور کامیابی سمیٹ لی

یہ قیاس آرائیاں اس وقت زور پکڑ گئیں جب سوشل میڈیا پر صبا قمر کی ایک تصویر وائرل ہوئی، جس میں وہ پروڈیوسرز کے ساتھ موجود تھیں۔ تاہم اس منصوبے کے حوالے سے باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

انمول پنکی مئی 2026 میں ایک مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کے دوران گرفتاری کے بعد خبروں کا مرکز بنی تھیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ان پر ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی ترسیل اور نیٹ ورک چلانے کے الزامات ہیں۔ تاہم مقدمہ تاحال عدالتی مراحل میں ہے اور الزامات کا حتمی فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :جیکولین فرنینڈس منی لانڈرنگ کیس میں قانونی مشکلات کا شکار

سوشل میڈیا پر مجوزہ بایوپک کے حوالے سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جب کیس ابھی زیرِ سماعت ہے تو ایسی شخصیت پر ڈرامہ یا فلم بنانا قبل از وقت اور متنازع قدم ہو سکتا ہے۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ قومی تاریخ اور سماجی خدمات انجام دینے والی شخصیات پر کام کرنے کے بجائے متنازع کرداروں کو کیوں موضوع بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی پاپ اسٹار دعا لیپا رشتۂ ازدواج میں منسلک،دولہا کون؟

دوسری جانب صبا قمر کے مداح اس منصوبے کے حق میں نظر آئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بایوپک بنائی جاتی ہے تو صبا قمر اس کردار کے لیے موزوں ترین انتخاب ہوں گی۔ بعض مداحوں نے ان کی ماضی کی کامیاب بایوگرافیکل ڈرامہ سیریز باغی کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیا منصوبہ بھی کامیاب ثابت ہو سکتا ہے۔

تاہم فی الحال بایوپک سے متعلق تمام اطلاعات غیر مصدقہ ہیں اور پروڈکشن ہاؤس یا متعلقہ فنکاروں کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

editor

Related Articles