پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے نئی نسل کے فنکاروں، خصوصاً جین زی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ابھی ان کے اور ماضی کے بڑے ستاروں کے معیار تک نہیں پہنچ سکے۔
اداکارہ میرا نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی فلمی زندگی، یادگار ساتھی فنکاروں اور نئی آنے والی فلم کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
اپنے پسندیدہ ساتھی اداکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے میرا نے کہا کہ فلم ’’کھوئے ہو تم کہاں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکار بابر علی کے ساتھ بہت خوشگوار لمحات گزرے، جن کی یادیں آج بھی ان کے ذہن میں تازہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم ’’انتہا‘‘ کے دوران انہیں ثمینہ پیرزادہ، عثمان پیرزادہ، ذیشان سکندر اور ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جو ان کے کیریئر کے یادگار تجربات میں شامل ہے۔
میرا نے بتایا کہ ’’انتہا‘‘ اداکار ہمایوں سعید کے ساتھ ان کی پہلی فلم تھی، جس نے ان کے فلمی سفر میں اہم کردار ادا کیا۔
گفتگو کے دوران اداکارہ نے نئی نسل کے فنکاروں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ جین زی ان کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان فنکار پہلے ان کی فلم ’’سائیکو‘‘ دیکھیں اور پھر اس سے بہتر فلم بنا کر دکھائیں۔
میرا نے مزید کہا، ’’میرا اور شان کے کام سے مقابلہ کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نئی نسل ہمارے ساتھ مقابلہ کرے، ہمیں خوشی ہوگی اگر وہ اچھا کام کرکے خود کو منوائے۔‘‘
اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ بعض صارفین نے میرا کے اعتماد کو سراہا، جبکہ کچھ نے اسے نئی نسل کے فنکاروں کے لیے ایک دلچسپ چیلنج قرار دیا۔