آئی سی سی نے کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں کردیں،کئی اہم فیصلوں کی بھی منظوری

آئی سی سی نے کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں کردیں،کئی اہم فیصلوں کی بھی منظوری

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے حالیہ بورڈ اجلاس میں کرکٹ قوانین، خواتین کرکٹ کے شیڈول اور انتظامی معاملات سے متعلق کئی اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے، اجلاس بھارت میں منعقد ہوا جس میں رکن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

نئے قوانین کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں اب باہمی رضامندی کے تحت گلابی گیند کے استعمال کی اجازت دی جا سکے گی،اس فیصلے کو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچوں کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں ایک اور اہم فیصلہ مشکوک بولنگ ایکشن کے تجزیے سے متعلق کیا گیا، جس کے تحت امپائرز کو اب ہاک آئی ٹیکنالوجی کے ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی تاکہ فیصلوں کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔

اسی طرح لیگ سائیڈ وائیڈ گیند کے حوالے سے جاری آزمائشی قانون کو مستقل طور پر نافذ کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جس کے بعد اس قانون کا اطلاق تمام متعلقہ میچوں میں ہوگا۔

خواتین کرکٹ کے حوالے سے بھی اہم تبدیلی کرتے ہوئے ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کو جون جولائی کے بجائے 14 سے 28 فروری تک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد موسمی اور شیڈولنگ مسائل کو بہتر بنانا بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کرکٹ شائقین کو بڑا جھٹکا، پاکستان کرکٹ ٹیم کی رینکنگ بھی گرگئی اور جرمانہ بھی عائد

اجلاس میں آئی سی سی نے کرکٹ کینیڈا میں بعض انتظامی بے ضابطگیوں کے باعث اس کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم واضح کیا گیا ہے کہ معطلی کے باوجود کینیڈا کی قومی ٹیمیں بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کی اہل رہیں گی۔

بورڈ اجلاس میں فرنچائز کرکٹ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ اس کے اثرات بین الاقوامی کرکٹ کے شیڈول اور کھلاڑیوں کی دستیابی پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے دو نمائندوں پر مشتمل ایک وفد بنگلہ دیش بھیجا جائے گا، جو وہاں کرکٹ بورڈ کے انتخابی عمل اور دیگر انتظامی امور پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گا،یہ فیصلے عالمی کرکٹ کے ڈھانچے اور قواعد میں اہم تبدیلیوں کی نشاندہی کرتے ہیں، جن کے اثرات آئندہ سیزنز میں دیکھے جا سکیں گے۔

editor

Related Articles