انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ بڑے عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کے سپرد کر دی ہے۔
فیصلے کے مطابق پاکستان کو2028 میں ہونے والے خواتین کے20 اوورز عالمی کپ کی میزبانی دی گئی ہے جس میں بارہ ٹیمیں شرکت کریں گی،یہ فیصلہ عالمی کرکٹ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں باقاعدہ طور پر منظور کیا گیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ٹورنامنٹ کے دوران بعض حساس معاملات کے تحت بھارت کی ٹیم کے میچز غیر جانبدار مقام پر منعقد کیے جائیں گے تاکہ تمام ٹیموں کی شرکت یقینی بنائی جا سکے اور ایونٹ کو کسی قسم کے تنازع سے محفوظ رکھا جا سکے۔
منصوبے کے مطابق12ٹیموں کے اس عالمی مقابلے میں10ٹیموں کو براہ راست شرکت کا موقع ملے گا، ان میں2026کے خواتین عالمی کپ کی پہلی آٹھ ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ میزبان ملک اگر پہلے ہی کوالیفائی نہ کرے تو اسے بھی براہ راست جگہ دی جائے گی،اس کے علاوہ 2026 کی عالمی درجہ بندی میں اگلے اعلیٰ درجے کی ٹیموں کو بھی براہ راست جگہ دی جائے گی تاکہ مجموعی طور پر 10ٹیمیں براہ راست شامل ہوں۔
باقی دو نشستوں کے لیے عالمی سطح پر کوالیفائنگ مقابلے منعقد ہوں گے جن میں مختلف خطوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی، ان علاقائی مقابلوں کے بعد ایک حتمی عالمی کوالیفائر ہوگا جس کے ذریعے آخری دو ٹیموں کا فیصلہ کیا جائے گا، اس پورے نظام کا مقصد یہ ہے کہ کمزور اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کو بھی عالمی سطح پر موقع مل سکے۔
آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس ایونٹ کے دوران شیڈول، ٹیموں کی تقسیم اور علاقائی کوٹہ آئندہ اجلاس میں حتمی طور پر طے کیا جائے گا،پاکستان کے لیے یہ فیصلہ نہ صرف کرکٹ کے میدان میں ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ ملک میں خواتین کرکٹ کے فروغ اور بین الاقوامی اعتماد کی بحالی کی طرف بھی ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔