چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں فارم45 کی حفاظت عوام کی ذمہ داری ہے اور کسی صورت فارم 47 نہیں آئے گا انتخابات شفاف ہوں گے اور عوام اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے چوکس رہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان کے ضلع شگر کی تحصیل گلاب پور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران اور امریکا جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا اور معرکہ حق میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے غریب عوام کے لیے 20 لاکھ مکانات تعمیر کر کے ایک بڑا فلاحی منصوبہ مکمل کیا ہے، گلگت بلتستان کے عوام کو خطے کے معدنیات اور قدرتی وسائل پر مکمل حق حاصل ہونا چاہیے اور ان وسائل کا فائدہ براہ راست مقامی آبادی کو ملنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب گلگت بلتستان ترقی کرے گا تو اس کا فائدہ پورے ملک کو ہوگا اور خاص طور پر اسلام آباد کی ترقی بھی اس سے جڑی ہوئی ہے،بلاول بھٹو زرداری نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کی بھی مذمت کی اور خطے میں امن کو ناگزیر قرار دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کے برابر حقوق دلانا پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے، اگر آئینی اصلاحات مکمل ہو جائیں تو گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی جماعت کوشش کرے گی کہ گلگت بلتستان کے انتخابات پاکستان کے عام انتخابات کے ساتھ ہی منعقد ہوں تاکہ سیاسی ہم آہنگی اور شفافیت بہتر ہو سکے،فیصلہ سازی کا اختیار اسلام آباد کے بجائے مقامی سطح پر ہونا چاہیے تاکہ عوام کے مسائل مقامی طور پر حل کیے جا سکیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ امور کشمیر کی وزارت کو ختم کر کے گلگت بلتستان اسمبلی کو مکمل اختیارات دیے جائیں، شگر پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ ہے اور آئندہ انتخابات میں اس نشست پر پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔