پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشری انصاری گزشتہ چار دہائیوں سے اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔ حالیہ برسوں میں ان کی ذاتی زندگی بھی خبروں کی زینت بنی رہی، خصوصاً ہدایت کاراقبال حسین سے دوسری شادی کے اعلان کے بعد۔
حال ہی میں دونوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کی جہاں اقبال حسین نے پہلی بار اپنی برسوں پرانی محبت کی دلچسپ داستان سنائی۔اقبال حسین نے انکشاف کیا کہ وہ کالج کے زمانے سے ہی بشریٰ انصاری کے مداح تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بشریٰ کی تصاویر اور میگزین تراشے سنبھال کر رکھتے تھے۔ یہاں تک کہ وہ اکثر پی ٹی وی اسلام آباد بھی جایا کرتے تھے کیونکہ بشریٰ انصاری وہاں کام کرتی تھیں۔ تاہم اس وقت بشریٰ اپنی مصروفیات میں مگن تھیں اور انہوں نے کبھی اقبال حسین کو نوٹس نہیں کیا۔
دوسری جانب بشریٰ انصاری نے بھی ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 1990 کی دہائی میں وہ ایک پروگرام کی میزبانی کر رہی تھیں جس میں نوجوان اقبال حسین بھی شریک ہوئے تھے۔ بشریٰ نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس وقت اقبال کے ہیئر اسٹائل پر تبصرہ بھی کیا تھا، مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
بعد ازاں اقبال حسین نے بتایا کہ وہ اس لمحے بشریٰ انصاری کو سامنے دیکھ کر اتنے متاثر تھے کہ کچھ بول ہی نہیں سکے۔ یہی دراصل دونوں کی پہلی باضابطہ ملاقات تھی، جو برسوں بعد ایک خوبصورت رشتے میں بدل گئی۔