بھارت کے شہر جے پور کے ایک نجی ہسپتال میں ایک غیر معمولی اور چونکا دینے والا طبی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے ایک نوجوان کے معدے سے کئی روزمرہ استعمال کی اشیا نکال کر اس کی جان بچا لی۔
بھلوارہ سے تعلق رکھنے والا 26 سالہ نوجوان شدید پیٹ درد کی شکایت کے ساتھ 26 دسمبر کو جے پور کے ایس آر کَلّا میموریل ہسپتال پہنچا۔ مریض کی حالت تشویشناک ہونے پر فوری طور پر مختلف طبی ٹیسٹ شروع کیے گئے۔
ابتدائی سونوگرافی کے دوران ڈاکٹروں کو معدے میں غیر معمولی اور سخت اشیا دکھائی دیں، جس پر طبی ٹیم بھی حیران رہ گئی۔ رپورٹ کے مطابق معدے میں ٹوتھ برش اور لوہے کے پانے جیسے نوکیلے اوزار موجود تھے۔
ڈاکٹروں کے مطابق صورتحال اس حد تک خطرناک تھی کہ کچھ نوکیلی اشیا معدے کی دیوار تک پہنچ چکی تھیں، جو کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتی تھیں۔ ابتدائی طور پر اینڈوسکوپی کی کوشش کی گئی، تاہم اشیا کے بڑے سائز کے باعث انہیں نکالنا ممکن نہ ہو سکا۔
بعد ازاں ڈاکٹرز نے فوری طور پر اوپن سرجری کا فیصلہ کیا۔ تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن میں ڈاکٹروں نے کامیابی سے مریض کے معدے سے سات ٹوتھ برش اور دو لوہے کے اوزار نکال لیے۔
اس پیچیدہ آپریشن کی قیادت ڈاکٹر تنمے پاریکھ نے کی جبکہ اینستھیزیا ٹیم میں ڈاکٹر آلوک ورما اور دیگر عملہ شامل تھا۔بعد میں ڈاکٹروں سے گفتگو کے دوران انکشاف ہوا کہ مریض ذہنی بیماری کا شکار ہے، جس کے باعث وہ غیر کھانے والی اشیا نگل لیتا تھا۔ یہی عادت اس سنگین صورتحال کی وجہ بنی۔
طبی ماہرین نے اس واقعے کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسی اشیا نگلنا جان کے لیے شدید خطرہ بن سکتا ہے اور فوری طبی مدد لینا ضروری ہے۔واقعے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہیں، جہاں مختلف صارفین نے اس کیس کو نہایت غیر معمولی قرار دیا ہے۔