اگر آپ 10 یا 11 سال پرانا آئی فون استعمال کر رہے ہیں تو اب وقت ہے کہ آپ محتاط ہو جائیں کیونکہ آنے والے مہینوں میں واٹس ایپ سپورٹ ختم ہونے کا خدشہ سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد پرانے ڈیوائسز پر یہ مشہور میسجنگ ایپ کام کرنا بند کر سکتی ہے۔
اس خبر نے دنیا بھر کے صارفین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو اب بھی پرانے آئی فونز استعمال کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل اپ ڈیٹس کے باعث پرانے سسٹمز کو سپورٹ سے باہر کیا جا رہا ہے، واٹس ایپ بیٹا کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2026 سے کچھ پرانے آئی فون ماڈلز پر واٹس ایپ سپورٹ ختم ہونے کا امکان ہے۔
اس وقت واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے کم از کم iOS 15.1 یا اس کے بعد کا ورژن ضروری ہے، تاہم آئندہ تبدیلی کے بعد ممکن ہے کہ صرف iOS 15.5 یا اس سے جدید ورژن پر ہی واٹس ایپ چل سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ پرانے ماڈلز، جیسے آئی فون 6s اور اس کے آس پاس کے ڈیوائسز، اس تبدیلی سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
اگر ان فونز میں پرانا سسٹم موجود ہوا تو صارفین کو واٹس ایپ چلانے کے لیے لازمی طور پر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنا ہوگا بصورت دیگر ایپ استعمال نہیں ہو سکے گی، یہ صورتحال صارفین کے لیے مشکل پیدا کر سکتی ہے، خاص طور پر وہ افراد جو نئے فون خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے یا پرانے فون کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی تبدیلی
صرف آئی فون ہی نہیں بلکہ اینڈرائیڈ صارفین بھی اس پالیسی سے متاثر ہوں گے، رپورٹ کے مطابق 8 ستمبر 2026 کے بعد Android 6 سے پرانے ورژنز پر واٹس ایپ کام نہیں کرے گا۔
اس کے بعد صرف جدید اینڈرائیڈ ورژنز پر ہی واٹس ایپ کا استعمال ممکن ہوگا ، واٹس ایپ کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے نئے فیچرز، سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور پرائیویسی کنٹرولز شامل کیے جاتے ہیں۔
یہ تمام فیچرز صرف نئے آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ بہتر طریقے سے کام کرتے ہیں، اسی لیے پرانے فونز کی سپورٹ ختم کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔
اس فیصلے سے لاکھوں صارفین متاثر ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر وہ لوگ جو اب بھی پرانے آئی فونز یا اینڈرائیڈ ڈیوائسز استعمال کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر صارفین نے بروقت اپ ڈیٹ نہ کیا تو وہ واٹس ایپ سے مکمل طور پر محروم ہو سکتے ہیں، جو آج کے دور میں رابطے کا اہم ذریعہ ہے، مجموعی طور پر یہ تبدیلی ٹیکنالوجی کی ترقی کا حصہ ہے، تاہم صارفین کے لیے یہ ایک وارننگ بھی ہے کہ وہ اپنے ڈیوائسز اور سافٹ ویئر کو اپ ٹو ڈیٹ رکھیں، بصورت دیگر مستقبل میں واٹس ایپ سپورٹ ختم ہونے کی وجہ سے رابطے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔