آزاد کشمیر حکومت کا ’کالعدم جے اے اے سی‘ کے ساتھ مذاکرات کا امکان مسترد ، معطل ایف آئی آرز بحال کر دی گئیں

آزاد کشمیر حکومت کا ’کالعدم جے اے اے سی‘ کے ساتھ مذاکرات کا امکان مسترد ، معطل ایف آئی آرز بحال کر دی گئیں

حکومتِ آزاد جموں کشمیر نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) سے متعلق احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے مقدمات کے حوالے سے جاری سابقہ نوٹیفکیشنز واپس لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے درج تمام سابقہ ایف آئی آر بحال کر دی ہیں۔

محکمہ قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے مختلف فوجداری عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات سے متعلق 4 سابقہ نوٹیفکیشنز واپس لینے کی منظوری دے دی ہے، جس کا فیصلہ 5 جون 2026 کو ہونے والے کابینہ کے 41 ویں اجلاس میں کیا گیا تھا۔

واپس لیے گئے نوٹیفکیشنز میں

نوٹیفکیشن نمبر LD/Litigation/763-83/2024 مورخہ 7 دسمبر 2024

نوٹیفکیشن نمبر LD/Litigation/25/227/2025 مورخہ 15 دسمبر 2025

نوٹیفکیشن نمبر LD/Litigation/25/227-A/2025 مورخہ 26 دسمبر 2025

نوٹیفکیشن نمبر LD/Litigation/25/1-227-A/2025 مورخہ 31 دسمبر 2025

اعلیٰ حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت نے کالعدم تنظیم جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے حوالے سے سخت پالیسی اختیار کر لی ہے اور واضح کیا ہے کہ جے اے اے سی کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہ کیے جا رہے ہیں اور نہ ہی آئندہ کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے حوالے سے کئی سوالات اٹھ رہے ہیں،پس پردہ کرداروں کی نشاندہی ہورہی ہے، وزیر قانون

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابقہ معاہدوں کے نتیجے میں واپس لی گئی ایف آئی آرز کو معاہدے کی خلاف ورزی کے باعث دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف درج 177 مقدمات، جو چند ماہ قبل مذاکرات کے نتیجے میں واپس لیے گئے تھے، ہنگامی بنیادوں پر دوبارہ فعال کیے جا رہے ہیں۔

حکومت نے حالیہ جھڑپوں اور پرتشدد واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کی قانونی ذمہ داری تنظیم کی قیادت پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

مزید پڑھیں:بلی تھیلے سے باہر آ گئی: آٹا، بجلی اور 12 سیٹیں صرف بہانہ، کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا مکروہ چہرہ بالآخر بے نقاب

حکومتی ذرائع نے مزید کہا کہ اب کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے اور متعلقہ افراد کو ہتھیار ڈال کر قانون کے سامنے سرینڈر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ پیش رفت کو حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے کالعدم تنظیم کے خلاف سخت ترین مؤقف قرار دیا جا رہا ہے، جس سے خطے میں سیاسی و سیکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Related Articles