توانائی بچت مہم کے تحت پنجاب حکومت نے کاروباری اوقات کار کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، عملدرآمد فوری نافذ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبے میں اب کریانہ سٹورز، گروسری سٹورز کا وقت ایک گھنٹہ بڑھادیا گیا، کریانہ سٹورز، گروسری سٹورز اور شادی ہالز رات 10 بجے بند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شاپنگ مالز، بازار اورمارکیٹیں رات 9 بجے بند ہوں گی جبکہ ریسٹورنٹس، کیفے، سینما اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے۔
ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو پابندیوں سے استثنیٰ دیدی گئی، پھل و سبزی فروش دکانیں بھی رات 11 بجے تک کاروبار کر سکیں گی۔
اسپتال، کلینکس، میڈیکل سٹورز اور لیبارٹریز پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے، پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنزبھی کھلے رہیں گے۔
بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس پر نئے اوقات کار کا اطلاق نہیں ہوگا، جمز، سپورٹس سہولیات اور پیڈل کورٹس، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی استثنیٰ دے دیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے نوٹیفکیشن فوری نافذ العمل کرتے ہوئے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے گزشتہ روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیول کنزرویشن اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کردہ استثنیٰ کی درخواستوں اور کفایت شعاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ ملک بھر میں قائم چھوٹے گروسری اور کریانہ اسٹورز کے اوقات کار رات 10 بجے تک بڑھا دیے جائیں گے، جبکہ یہ سہولت ہفتہ اور اتوار سمیت ہفتے کے تمام دنوں کے لیے ہوگی۔