امریکی صدر کا آج رات ایران پر طے شدہ حملے منسوخ کرنے کا اعلان

امریکی صدر کا آج رات ایران پر طے شدہ حملے منسوخ کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران پر آج رات کیے جانے والے طے شدہ فضائی حملے اور بمباری کو منسوخ کر دیا گیا ہے ، یہ فیصلہ ایران کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ مذاکرات کو بامعنی سطح پر آگے بڑھانے اور تمام فریقین کی جانب سے حتمی نکات کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔

امریکی صدر کے مطابق ایران کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو اس کی اعلیٰ ترین قیادت کی سطح تک لے جایا گیا، جہاں معاہدے کے بنیادی اور تفصیلی نکات پر اتفاق رائے حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت کے بعد فوری فوجی کارروائی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

 امریکی صدر نے کہا  کہ اس مجوزہ معاہدے کے نکات کو امریکہ، اسرائیل، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، پاکستان، بحرین، کویت، اردن، مصر اور دیگر متعلقہ فریقین نے منظور کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :امریکابہت جلد ایران کے خارگ جزیرے سمیت دیگر تیل کے اہم مراکز پر قبضہ کرلے گا،ٹرمپ

امریکی صدر کے مطابق بحری ناکہ بندی فی الحال برقرار رہے گی اور اسے اس وقت تک نافذ رکھا جائے گا جب تک معاہدہ مکمل طور پر حتمی شکل اختیار نہیں کر لیتا۔ ان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے پر دستخط کا وقت اور مقام جلد اعلان کیا جائے گا۔

  اس پیش رفت کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے اور ایک بڑے فوجی تصادم کے امکان میں کمی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم تاحال ایران یا دیگر متعلقہ ممالک کی جانب سے اس اعلان پر باضابطہ تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدہ مکمل ہو جاتا ہے تو یہ مشرق وسطیٰ میں طاقت کے توازن اور توانائی کی عالمی سیاست پر اہم اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

editor

Related Articles