شمالی وزیرستان کے علاقے پالنگزئی میں سیکیورٹی فورسز کی جاری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم سرغنہ خالد رضا عرف سالہ سمیت 45 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ہلاک شدہ سرغنہ خالد رضا عرف سالہ کی گرفتاری یا ہلاکت پر 40 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق برآمد شدہ اسلحے میں 12.7 ایم ایم رائفل، 14 ایس ایم جی رائفلز اور ایک راکٹ لانچر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف 7 جون کو کی جانے والی کارروائی میں 27 خوارج ہلاک ہوئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق “سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔”