پاکستان کے معروف ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے اپنی سروسز میں تکنیکی مسائل کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین کو درپیش مشکلات پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک اہم نوٹس میں کمپنی نے بتایا کہ کچھ صارفین کو وقفے وقفے سے سروس میں خلل کا سامنا ہےجس کی وجہ سے ٹرانزیکشنز، اکاؤنٹ تک رسائی اور دیگر خدمات میں رکاوٹ آ رہی ہے، تاہم یہ مسئلہ تمام صارفین کو متاثر نہیں کر رہا۔
کمپنی کے مطابق ان کی تکنیکی ٹیمیں اس مسئلے کے فوری حل کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں تاکہ تمام ڈیجیٹل خدمات کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔
ایزی پیسہ انتظامیہ نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور سروسز جلد ہی معمول پر آ جائیں گی، اس لیے صارفیں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ کمپنی نے واضح کیا کہ صارفین کا اعتماد ان کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے بھی ایزی پیسہ ایپ کے استعمال، رقوم کی منتقلی اور بعض فیچرز تک رسائی نہ ملنے کی شکایات کی ہیں۔
مالیاتی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈیجیٹل بینکاری میں ایسی تکنیکی رکاوٹیں آنا معمول کی بات ہے لیکن ایسے وقت میں کمپنی کی طرف سے بروقت آگاہی صارفین کے اعتماد کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔