ترک شوبز انڈسٹری سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں معروف اداکارہ ایجے اِرتم 35 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
مقبول ترک ڈرامے ون لو میں ’’اشیل‘‘ کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کی اچانک وفات نے مداحوں اور فنکار برادری کو سوگوار کر دیا ہے۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ایجے اِرتم پیر کی دوپہر اپنے گھر میں بے ہوش پائی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ موجود تھیں جب انہیں اچانک طبی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا۔ اہل خانہ نے فوری طور پر طبی امداد حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
اداکارہ کے وکیل اوغور گوک کویون کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی، تاہم حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب وکیل نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں اداکارہ کی موت کو خودکشی قرار دیا جا رہا تھا، اور کہا ہے کہ ایسی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ایجے اِرتم نے اپنی وفات سے صرف ایک روز قبل ہی اپنی 35ویں سالگرہ منائی تھی، جس کے بعد ان کی اچانک موت کی خبر نے مداحوں کے دکھ اور صدمے میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔