ورلڈ کپ کے دوران سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی میکسیکو کی مشہور بطخ ’’مرلن‘‘ کو میکسیکو اور جمہوریہ چیک کے درمیان میچ کے لیے اسٹیڈیم کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں میں مرلن ورلڈ کپ کے سب سے منفرد اور پسندیدہ مداحوں میں شامل ہو گئی تھی۔ سبز میکسیکن جرسی پہنے یہ دو سالہ بطخ اپنے مالکین کے ساتھ میکسیکو سٹی کی سڑکوں پر نظر آتی رہی اور سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد کی توجہ حاصل کر چکی ہے۔
مداحوں نے باقاعدہ مہم بھی چلائی تھی کہ مرلن کو اپنے خاندان کے ساتھ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے، تاہم فیفا کے قوانین کے تحت جانوروں کو اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مرلن کو لاطینی امریکہ کے معروف ٹی وی نیٹ ورک ٹیلیویسا کے لیے ایک خصوصی پروگرام کی ریکارڈنگ کے سلسلے میں اسٹیڈیم کے بیرونی احاطے تک رسائی دی گئی۔ سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت اسے ایک محفوظ ٹرانسپورٹ باکس میں لایا گیا، جہاں بڑی تعداد میں مداح اس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع تھے۔
مرلن کی مالکن کارلا گومیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دن ان کی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں شامل ہیں۔ ان کے بقول لوگ مرلن کو بے حد پسند کر رہے ہیں اور اس کی مقبولیت توقع سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔
مرلن نہ صرف ٹی وی شوز، انٹرویوز اور فین فیسٹ کا حصہ بن چکی ہے بلکہ میکسیکو کے صدارتی محل اور نیٹ فلکس کے دفتر کا بھی دورہ کر چکی ہے۔ اس کی غیر معمولی شہرت کے باعث اس کے نام کے تجارتی حقوق کے لیے بھی قانونی تنازع سامنے آیا، تاہم آخرکار یہ حقوق اس کی مالکن کو دے دیے گئے۔
اگرچہ مرلن اسٹیڈیم کے اندر سے میچ نہیں دیکھ سکی، لیکن اس کی مالکن کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی میکسیکو کی قومی ٹیم کے لیے خوش قسمتی کی علامت ہے اور انہیں یقین ہے کہ مرلن کی موجودگی ایک بار پھر ٹیم کی کامیابی کا سبب بنے گی۔