موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان ہو جائیں تیار، ٹریفک پولیس نے شکنجہ کس لیا

موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان ہو جائیں تیار، ٹریفک پولیس نے شکنجہ کس لیا

ٹریفک پولیس نے ای چالان سے بچنے کے لیے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس میں ردوبدل جعلی نمبر پلیٹس کے استعمال اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

رواں ماہ جون کے دوران لاہور میں جعلی بوگس اور غیر قانونی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے درجنوں افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ ہزاروں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان بھی جاری کیے گئے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جون کے مہینے میں جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 71 موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل ہندسوں یا حروف کو تبدیل کرنا اور جعلی نمبر پلیٹس لگانا ایک سنگین جرم ہے، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ بغیر نمبر پلیٹ یا اپلائیڈ فار نمبر کے ساتھ سڑکوں پر چلنے والی 7 ہزار 849 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔ اسی طرح فینسی نمبر پلیٹس یا ایکسائز کی جانب سے مقرر کردہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 4 ہزار 559 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و حکومتی قیادت ایران روانہ ہوگی، اہم شخصیات کے نام سامنے آگئے

ٹریفک پولیس نے ان گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جن کی نمبر پلیٹس جان بوجھ کر ٹیڑھی مڑی ہوئی یا اس انداز میں لگائی گئی تھیں کہ کیمرے ان کا نمبر واضح طور پر نہ پڑھ سکیں۔ اس خلاف ورزی پر 4 ہزار 579 گاڑیوں کو چالان کیا گیا۔

حکام کے مطابق صرف کارروائی پر ہی اکتفا نہیں کیا گیا بلکہ آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔ اس دوران 40 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے مالکان کو ٹریفک قوانین درست نمبر پلیٹس کے استعمال اور ای چالان نظام سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی تاکہ شہری مستقبل میں ایسی خلاف ورزیوں سے گریز کریں۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر کار کو 3 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل کو ایک ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بوگس یا جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف صرف چالان ہی نہیں بلکہ دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔

سی ٹی او نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر گاڑی کی ملکیت منتقل  کروانے کی صورت میں پرانے رجسٹریشن نمبر کے بجائے اپنا نیا یونیورسل رجسٹریشن نمبر لازمی استعمال کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

editor

Related Articles