ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ، صارفین کیلئے خوشخبری

ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ، صارفین کیلئے خوشخبری

ملک بھر میں لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے تک کمی کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ایل پی جی کی وافر مقدار دستیاب ہونے کے باعث قیمتوں میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے، جس سے گھریلو اور تجارتی صارفین کو مالی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

اوگرا ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سرکاری قیمت 309 روپے فی کلو گرام سے کم ہو کر 259 روپے فی کلو گرام ہو سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ملک میں ایل پی جی کی سپلائی طلب کے مقابلے میں بہتر ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں کمی کی گنجائش پیدا ہوئی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مارکیٹ میں موجود اضافی ذخائر برقرار رہے تو صارفین کو جلد سستی ایل پی جی دستیاب ہو سکتی ہے۔

تاہم یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری قیمت پر لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں ایل پی جی دستیاب نہیں ہے اور دکاندار صارفین سے من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں ، جس کے باعث ممکنہ قیمت میں کمی کا فائدہ عام شہریوں تک مکمل طور پر نہیں پہنچ پاتا۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری نرخ نظر انداز، پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ

توانائی کے شعبے سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں میں متوقع کمی کے ساتھ ساتھ اوگرا کے مقررہ نرخوں پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے تو عوام کو حقیقی ریلیف مل سکتا ہے،  اس مقصد کے لیے مارکیٹ کی مؤثر نگرانی اور مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنانا ضروری ہوگا۔

اگر 50 روپے تک کمی کا اعلان کیا جاتا ہے تو یہ حالیہ عرصے میں ایل پی جی صارفین کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوگی، خصوصاً ایسے وقت میں جب گھریلو بجٹ پر مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے۔

اب صارفین کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ قیمتوں میں ممکنہ کمی کا باضابطہ اعلان کب کیا جاتا ہے اور آیا یہ ریلیف ملک بھر میں یکساں طور پر دستیاب ہو سکے گا۔

editor

Related Articles