وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ سے نمٹنے اور ان میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے “پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ” قائم کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس فنڈ کے لیے ایک مخصوص سرکاری اکاؤنٹ مختص کر دیا گیا ہے، اور اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارتِ خزانہ نے آڈیٹر جنرل پاکستان، کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کے علاوہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو بھی مکتوب ارسال کر دیے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی تمام صوبائی حکومتوں کو فنڈ کی وصولی سے متعلق ضروری انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس فنڈ میں جمع ہونے والی تمام رقوم وفاقی حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائیں گی، جس کے لیے ایک خصوصی اکاؤنٹ ہیڈ اور آبجیکٹ کوڈ بھی مختص کر دیا گیا ہے۔
اس فنڈ کو چلانے کے قواعد و ضوابط وزارتِ خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا مل کر مشترکہ طور پر تیار کریں گے ، جبکہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں استحکام کے لیے قانونی اور مالیاتی طریقہ کار کی منظوری الگ سے دی جائے گی۔