ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کے لیے پاکستان سے اعلیٰ سطحی سرکاری اور سیاسی وفد ایران جائے گا۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری وزیراعظم شہباز شریف چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اہم حکومتی و سیاسی شخصیات ایران میں ہونے والی آخری رسومات میں شرکت کریں گی۔اس حوالے سے ایرانی حکومت کا باضابطہ آگاہ بھی کر دیا گیا ہے
ایرانی حکام کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کا آغاز 4 جولائی 2026 سے ہوگا۔ 4 اور 5 جولائی کو تہران کے امام خمینی مصلیٰ کمپلیکس میں تعزیتی اور الوداعی تقریبات منعقد ہوں گی، جبکہ 6 جولائی کو تہران میں مرکزی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی اور جنازے کا جلوس نکالا جائے گا۔
اس کے بعد 7 جولائی کو مقدس شہر قم میں جنازے کی تقریبات منعقد ہوں گی، جبکہ 9 جولائی کو مشہد میں واقع روضہ امام رضاؑ میں تدفین کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق عالمی رہنماؤں اور غیر ملکی وفود کی بڑی تعداد تہران میں مرکزی نمازِ جنازہ میں شریک ہوگی جہاں پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی بھی شرکت متوقع ہے۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کے ایران کے دورے کے باعث گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی حلف برداری کی تقریب بھی ملتوی کردی گئی ہے۔ یہ تقریب یکم جولائی کو گلگت میں ہونا تھی تاہم بلاول بھٹو زرداری کی ایران سے واپسی کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔