پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ایک فعال اور درست طور پر رجسٹرڈ موبائل سم کے ساتھ منسلک ہونے کی تصدیق کریں، بصورت دیگر انہیں اپنے اکاؤنٹ تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری ہدایات میں خبردار کیا گیا ہے کہ غیر فعال، بلاک، ڈی ایکٹیویٹ یا غیر رجسٹرڈ سم سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس جلد ناقابلِ رسائی ہو سکتے ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق واٹس ایپ اکاؤنٹ، رابطوں، پیغامات اور صارف کی ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ واٹس ایپ نمبر ہمیشہ ایک فعال اور رجسٹرڈ سم سے وابستہ ہو۔
اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے واٹس ایپ نمبر کی جانچ کریں اور اگر موجودہ سم غیر فعال ہو چکی ہے تو اپنے اکاؤنٹ کو بلا تاخیر کسی فعال اور تصدیق شدہ سم پر منتقل کر دیں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔
پی ٹی اے نے مزید کہا ہے کہ اگر سم کی تصدیق یا بحالی کے حوالے سے کسی قسم کی مدد درکار ہو تو صارفین اپنے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں، جہاں بائیومیٹرک تصدیق اور سم کی توثیق کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اکاؤنٹ کے اچانک لاگ آؤٹ ہونے یا رسائی ختم ہونے کا انتظار نہ کریں، کیونکہ موبائل نمبر صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ صارف کی ڈیجیٹل شناخت کا بھی اہم حصہ ہے۔ پی ٹی اے نے بروقت اقدامات کو واٹس ایپ اکاؤنٹ اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔