پی آئی اے کاطویل وقفے کے بعد لاہور سے مانچسٹر کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی کا اعلان

 پی آئی اے کاطویل وقفے کے بعد لاہور سے مانچسٹر کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی کا اعلان

 پی آئی اے  نے پانچ سال کے طویل وقفے کے بعد لاہور سے مانچسٹر کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ چین کے دارالحکومت بیجنگ کے لیے بھی فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قومی فضائی کمپنی کے مطابق لاہور اور مانچسٹر کے درمیان دو طرفہ پروازوں کا باقاعدہ آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔ شیڈول کے مطابق مانچسٹر سے لاہور کے لیے پہلی پرواز یکم جولائی کو روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے مانچسٹر کی پہلی پرواز 2 جولائی کو آپریٹ کی جائے گی۔

یاد رہے کہ برطانیہ کے لیے قومی فضائی کمپنی کی پروازوں پر 2020 میں پابندی عائد کی گئی تھی بعد ازاں اسلام آباد سے مانچسٹر کی پروازیں گزشتہ سال بحال کر دی گئی تھیں، جبکہ اب لاہور سے بھی یہ اہم فضائی رابطہ دوبارہ قائم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پی آئی اے نے برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کی تیاری تیز کر دی

ترجمان قومی فضائی کمپنی کے مطابق نئی پروازوں کے لیے مسافروں کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے،یکم جولائی کو مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز کے لیے اب تک 175 مسافروں کی بکنگ کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 2 جولائی کو لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز کی تمام 310 نشستیں مکمل طور پر بک ہو گئی ہیں۔

حکام کے مطابق ان پروازوں کے لیے جدید بوئنگ 777 طیارے استعمال کیے جائیں گے تاکہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں،دوسری جانب قومی فضائی کمپنی نے چین کے لیے بھی اپنا فضائی آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان دو طرفہ ہفتہ وار پروازیں 3 جولائی سے دوبارہ شروع ہوں گی۔ یہ پروازیں 10 اپریل سے معطل تھیں، جنہیں اب دوبارہ بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلایا جائے گا۔

قومی فضائی کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ اور چین کے اہم بین الاقوامی روٹس کی بحالی سے سمندر پار پاکستانیوں کو سفری سہولتیں میسر آئیں گی، جبکہ کمپنی کی آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

editor

Related Articles