وزیرِ اعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کا آغاز

وزیرِ اعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کا آغاز

پنجاب حکومت نے وزیرِ اعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کا آغاز کرتے ہوئے طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔

صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپس کی پہلی کھیپ پنجاب پہنچ چکی ہے اور جلد ہی اہل طلبہ میں تقسیم کا عمل شروع کیا جائے گا۔

صوبائی وزیرِ تعلیم کے مطابق دوسرے مرحلے کے لیے ابتدائی طور پر 30 ہزار لیپ ٹاپ پنجاب پہنچ گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رواں سال صوبے بھر کے ہونہار طلبہ میں مجموعی طور پر 70 ہزار سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم یوتھ فری لیپ ٹاپ اسکیم کیلئے نیا اہلیت معیار جاری

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی تک آسان رسائی فراہم کرنا اور انہیں تحقیق، تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے میدان میں مزید بااختیار بنانا ہے،یہ اعلان پنجاب حکومت کی جانب سے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں شعبۂ تعلیم کے لیے ریکارڈ 750 ارب روپے مختص کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

اس خطیر رقم سے تعلیمی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ، جدید سہولیات کی فراہمی اور مستحق طلبہ کی مالی معاونت کے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق اسکولی تعلیم کے جاری اخراجات کے لیے 600 ارب 78 کروڑ روپے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 13 ارب 18 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں،ان میں سے 570 ارب 52 کروڑ روپے ضلعی تعلیمی اداروں اور سرکاری اسکولوں کو گرانٹس اور امدادی رقوم کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :طلبا و طالبات کے لیے خوشخبری، لیپ ٹاپ اسکیم کے نئے مرحلے کا آغاز

اسی طرح اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے جاری اخراجات کے لیے 83 ارب 48 کروڑ روپے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11 ارب 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، علاوہ ازیں 68 ارب 72 کروڑ روپے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر ملازمت سے متعلق اخراجات کے لیے رکھے گئے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ لیپ ٹاپ اسکیم اور تعلیم کے لیے بڑھائے گئے بجٹ کا مقصد نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، تعلیمی معیار بہتر بنانا اور صوبے میں ڈیجیٹل تعلیم کو مزید فروغ دینا ہے۔

editor

Related Articles