ملک بھر کے بجلی صارفین کی سہولت کے لیے پاور ڈویژن نے بجلی کے بل کا نیا اور زیادہ آسان فارمیٹ متعارف کروا دیا ہے، جس کا مقصد بل میں درج اہم معلومات کو واضح اور قابلِ فہم انداز میں پیش کرنا ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق نئے فارمیٹ میں قابلِ ادائیگی رقم کو سب سے نمایاں مقام پر درج کیا گیا ہے جبکہ بل جمع کروانے کی آخری تاریخ، استعمال شدہ بجلی کے یونٹس اور دیگر بنیادی معلومات بھی نمایاں انداز میں درج ہوں گی تاکہ صارفین کو ضروری تفصیلات تلاش کرنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ پرانے بل کے فارمیٹ کے حوالے سے صارفین کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں متعدد صارفین کا مؤقف تھا کہ بل میں معلومات پیچیدہ انداز میں درج ہونے کے باعث اصل قابلِ ادائیگی رقم، استعمال شدہ یونٹس اور مقررہ تاریخ کو سمجھنے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔ انہی آراء اور شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے فارمیٹ کو تیار کیا گیا ہے۔
نئے بجلی بل میں غیر ضروری تفصیلات کو کم کرتے ہوئے اہم معلومات کو منظم اور نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے تاکہ صارفین ایک ہی نظر میں اپنے بل کی بنیادی تفصیلات دیکھ سکیں،بل کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ ہر عمر اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد اسے آسانی سے سمجھ سکیں۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ کے ذریعے بجلی کے استعمال، قابلِ ادائیگی رقم، مقررہ تاریخ اور دیگر ضروری معلومات پہلے سے زیادہ واضح انداز میں فراہم کی جائیں گی، توقع ہے کہ اس اقدام سے بلوں سے متعلق شکایات میں نمایاں کمی آئے گی اور صارفین کے لیے ادائیگی کا عمل مزید سہل اور مؤثر ہو جائے گا۔