شناختی کارڈ کا پتہ تبدیل کرنے کا آسان طریقہ کار جانیں!

شناختی کارڈ کا پتہ تبدیل کرنے کا آسان طریقہ کار جانیں!

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے شناختی کارڈ پر مستقل اور عارضی رہائشی پتہ تبدیل کرنے کا طریقہ کار مزید آسان اور واضح کر دیا ہے جبکہ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کے استعمال کی گزشتہ 10 برسوں کی تفصیلات دیکھنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

نادرا کے مطابق اگر کوئی شہری کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہے اور شناختی کارڈ پر عارضی پتہ تبدیل کروانا چاہتا ہے تو اسے کرایہ نامے کی نقل اور بجلی کے بل کی کاپی جمع کروانا ہوگی۔ ان دستاویزات کی تصدیق کے بعد عارضی پتے کی تبدیلی کا عمل مکمل کر دیا جائے گا۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شہری کرائے کے مکان کے پتے کو مستقل رہائشی پتہ درج کروانا چاہتا ہے تو اس کے لیے مکان مالک کا حلف نامہ بھی لازمی ہوگا، جس میں مالک اس بات کی تصدیق کرے گا کہ متعلقہ شخص اس کے مکان میں رہائش پذیر ہے اور اسے اس پتے کو مستقل رہائشی پتہ درج کروانے پر کوئی اعتراض نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے نادرا کے ساتھ معاہدے میں توسیع کی منظوری

نادرا کے مطابق اگر مکان شہری کی اپنی ملکیت ہو تو درخواست گزار کو دفتر میں جائیداد کے اصل کاغذات پیش کرنا ہوں گے۔ ان دستاویزات کو موقع پر اسکین کر لیا جائے گا، جبکہ ان کی فوٹو کاپی جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

نادرا کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کے رہائشی ریکارڈ کو درست، محفوظ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنا ہے تاکہ تمام سرکاری دستاویزات میں درست معلومات درج ہوں۔

دوسری جانب نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ میں ایک نئی سہولت بھی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے صارفین گزشتہ 10 برسوں کے دوران اپنے شناختی کارڈ کے استعمال کی مکمل تاریخ دیکھ سکتے ہیں۔ صارفین ایپ میں لاگ اِن کرنے کے بعد ہسٹری یا ویری فکیشن کے آپشن کے ذریعے معلوم کر سکتے ہیں کہ ان کا شناختی کارڈ کب اور کہاں استعمال ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کی پھر گرفتاریوں کا فیصلہ، 10 جولائی کی ڈیڈ لائن

مزید برآں، اگر کوئی شہری صرف اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل سموں کی تعداد معلوم کرنا چاہے تو وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر ایس ایم ایس بھیج کر بھی یہ معلومات حاصل کر سکتا ہے۔

Related Articles