پاکستان کرکٹ بورڈ کا بڑا فیصلہ، کرکٹ کھلاڑیوں کی میچ فیس اور مراعات میں نمایاں اضافہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کا بڑا فیصلہ، کرکٹ کھلاڑیوں کی میچ فیس اور مراعات میں نمایاں اضافہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا 84واں اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ ایڈیشن ڈومیسٹک کرکٹ  کھلاڑیوں کی مالی مراعات اور کرکٹ انفراسٹرکچر سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی متفقہ منظوری دی گئی۔

اجلاس میں چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضیٰ نے نئے مالی سال کے بجٹ کے خدوخال مالی حکمت عملی اور اہم اعداد و شمار پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور تمام ڈائریکٹرز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی۔ اجلاس میں پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی جبکہ پاکستان سپر لیگ کو انتظامی اور مالیاتی لحاظ سے مزید خودمختار بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ لیگ کو ایک مضبوط اور پائیدار تجارتی بنیاد فراہم کی جا سکے۔

اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اس کا بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کر دیا گیا۔ اس اضافے کا مقصد ملکی کرکٹ کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا نوجوان ٹیلنٹ کو بہتر مواقع فراہم کرنا اور ڈومیسٹک مقابلوں کے معیار کو بلند کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران پھر آمنے سامنے ، تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھ گئیں

بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے نئے طریقہ کار کی منظوری بھی دی جبکہ قومی کرکٹرز کی میچ فیس میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔

ڈومیسٹک کرکٹرز کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ قائداعظم ٹرافی میں شریک کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے مقرر کر دی گئی جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔

خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور ان کے لیے خصوصی فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی، تاکہ خواتین کرکٹرز کو زیادہ سے زیادہ مواقع اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں ملک بھر میں 12 مزید کرکٹ گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے ان کے لیے ہیومن ریسورس فراہم کرنے اور ضروری فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

بورڈ آف گورنرز نے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور دیگر کرکٹ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں جدید بائیو مکینکس مشین کی تنصیب کے لیے بھی فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں بی او جی کے اراکین انوار غنی چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد، عدنان ملک، سابق کپتان ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کھلاڑیوں کی مالی فلاح، خواتین کرکٹ کی ترقی اور جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

editor

Related Articles