پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس نے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی واپسی اور مستقبل کے شوبز منصوبوں سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فی الحال ان کا کسی نئے ڈرامے میں کام کرنے کا ارادہ نہیں۔
عمران عباس کا شمار پاکستان کے صفِ اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے متعدد کامیاب ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ بالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کی اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت اور دلکش انداز نے بھی انہیں دنیا بھر میں مداحوں کی توجہ کا مرکز بنایا۔
اداکار کو ڈرامہ ’’خدا اور محبت‘‘میں ہمدان (ہمد) کے کردار سے غیر معمولی شہرت ملی، جس کے بعد انہوں نے کئی کامیاب منصوبوں میں کام کیا۔ تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے وہ ٹی وی اسکرین سے غائب ہیں، جس پر مداح مسلسل ان کی واپسی کے منتظر ہیں۔
حال ہی میں مداحوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عمران عباس نے بتایا کہ انہوں نے کسی نئے ڈرامے پر دستخط نہیں کیے، اسی لیے ان کا کوئی نیا پراجیکٹ نشر نہیں ہو رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ان کی شوبز میں واپسی کا کوئی منصوبہ نہیں، کیونکہ وہ اپنی کاروباری سرگرمیوں پر توجہ دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران عباس اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ موجودہ ڈراموں کے اسکرپٹس انہیں زیادہ متاثر نہیں کرتے، اسی لیے وہ صرف ایسے منصوبوں کا حصہ بننا چاہتے ہیں جو ان کے لیے فنی طور پر چیلنجنگ ہوں۔