دہشتگردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان میں امن ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف

دہشتگردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان میں امن ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کا قیام پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے اور حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے، ریاستی رٹ کے استحکام اور صوبے کے عوام کے محفوظ مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کو بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، حالیہ دہشتگرد حملوں، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کی ترقی اور مثبت پیش رفت کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگرد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرینیں بھی چلیں گی، بجلی بھی بنے گی، ریلوے ٹریکس پر سولر پینلز کا کامیاب تجربہ

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت دہشتگردی کی ہر شکل کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اندرون اور بیرون ملک سے سرگرم تمام دہشتگرد نیٹ ورکس کو شکست دے گا اور صوبے کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت، بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ دہشتگردی کا خاتمہ، ریاستی رٹ کا استحکام اور بلوچستان کے عوام کے لیے امن، ترقی اور بہتر مواقع کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles