وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 3 ہزار 535 ہو گئی جبکہ سینکڑوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلوں کے باعث 16 ہزار 740 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 18 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں ، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔
زلزلے کے بعد ریسکیو امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ان کارروائیوں میں 3 ہزار سے زائد بین الاقوامی امدادی کارکنوں کے ساتھ 30 ہزار مقامی اہلکار شریک ہیں۔
24 جون کو وینزویلا میں آنے والے زلزلوں میں ہزاروں اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ ہزاروں افراد سڑکوں یا عارضی امدادی کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
واضح رہے کہ وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو زلزلے آئے تھے, حکام کے مطابق دارالحکومت کے شمال میں واقع ساحلی شہر لا گوائیرا سب سے زیادہ متاثر ہوا، یہ ملک کی دو بڑی بندرگاہوں میں سے ایک اور ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ بھی یہاں واقع ہے۔
زلزلے سے شدید متاثر ہونے والے دیگر علاقوں میں میرانڈا، اراگوا، کارابوبو اور فالکون ریاستیں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب وییزویلا کے دارالحکومت کو کسی بڑے زلزلے کا سامنا کرنا پڑا ہو، 1967 کے دوران کاراکس میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔