گرمیوں کے موسم میں پسند کیے جانے والے پھل تربوز کے حوالے سے نئی تحقیقی رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ صرف جسم کو ٹھنڈک پہنچانے اور پانی کی کمی دور کرنے تک محدود نہیں بلکہ دل اور خون کی شریانوں کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
طبی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹس کے مطابق تربوز کا باقاعدہ استعمال دل اور خون کی شریانوں کے افعال پر مثبت اثرات مرتب کر سکتا ہے جبکہ مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق تربوز پانی، وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے، اس میں موجود قدرتی مرکبات خون کی روانی، دل کی شریانوں کی صحت اور میٹابولک نظام کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں،تربوز میں پانی کی مقدار زیادہ جبکہ کیلوریز کم ہونے کی وجہ سے اسے صحت بخش غذا بھی قرار دیا جاتا ہے۔
تحقیق میں نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامینیشن سروے کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ تربوز استعمال کرنے والے افراد کی خوراک میں غذائی فائبر، میگنیشیم، پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن اے، لائیکوپین اور دیگر کیروٹینائیڈز کی مقدار زیادہ پائی گئی، جبکہ اضافی چینی کا استعمال نسبتاً کم تھا۔
ایک اور کلینیکل ٹرائل میں 18 صحت مند نوجوانوں کو دو ہفتوں تک روزانہ تربوز کا جوس دیا گیا۔ محققین کے مطابق تربوز میں موجود قدرتی مرکبات جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کی پیداوار بڑھانے میں مدد دیتے ہیں، جو خون کی شریانوں کو پھیلانے اور خون کی روانی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تربوز میں موجود طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ لائیکوپین جسم میں تکسیدی تناؤ کم کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے، جو دل کی بہتر صحت کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
دیگر مطالعات میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ تربوز خون کی شریانوں کی لچک بہتر بنانے اور دل کے افعال کو سہارا دینے میں کردار ادا کر سکتا ہے،تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ ان تحقیقی نتائج کی مزید تصدیق کے لیے بڑے پیمانے پر مزید مطالعات کی ضرورت ہے۔