فٹبال ورلڈ کپ کے آخری کوارٹر فائنلز میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا اور انگلینڈ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
کوارٹر فائنل کے اہم مقابلے میں ارجنٹینا نے سوئٹزرلینڈ کو 3-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے ٹاپ فور مرحلے میں رسائی حاصل کی، جبکہ انگلینڈ نے ناروے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے ہرا کر سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے دونوں گول جوڈ بیلنگھم نے اسکور کیے، جبکہ ناروے کی طرف سے واحد گول شائلڈراپ نے کیا ناروے نے میچ کے 36ویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کی، تاہم انگلش ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔
انگلینڈ کی ٹیم چوتھی مرتبہ فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے انگلینڈ نے 1966 میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتا تھا، جبکہ اس سے قبل ٹیم 1990 اور 2018 کے عالمی کپ میں بھی سیمی فائنل تک پہنچی تھی۔
دوسری جانب ناروے کی ٹیم کا یہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا کوارٹر فائنل تھا، ناروے نے 28 سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، تاہم ٹورنامنٹ کا سفر کوارٹر فائنل میں ختم ہو گیا۔
سیمی فائنل مرحلے میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں اسپین اور فرانس کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔