بلوچستان میں پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان کامیابی سے جاری ہے، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 8 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الخوارج کے خلاف جاری کارروائیوں میں دہشت گردوں کو زمینی اور فضائی آپریشنز کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے، تازہ کارروائیوں میں مزید 8 خوارجی دہشت گردوں کے انجام تک پہنچنے کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 79 ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک بلوچستان میں آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 117 خوارجی دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رکھا جائے گا،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن شعبان میں کامیابیوں پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ مشترکہ آپریشن میں مزید خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر زمینی اور فضائی کارروائیوں پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وطن عزیز سے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی بلوچستان کا امن تباہ کرنے والے عناصر عبرت کا نشان بن رہے ہیں اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔