بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن شعبان کے دوران مزید 4 خوارج ہلاک کر دیے گئے، جس کے بعد آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 71 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سران ٹنگی میں تازہ کارروائیوں کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید 4 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں اب تک مجموعی طور پر 109 خارجی دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جس میں ایم فور رائفلیں، ایس ایم جیز، راکٹ لانچر، موبائل فونز اور دیگر سامان شامل ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔