دہشت گردی کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے، پاکستان کا پرچم ہر حال میں سربلند رہے گا: سرفراز بگٹی

دہشت گردی کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے، پاکستان کا پرچم ہر حال میں سربلند رہے گا: سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد جتنے بھی حملے کر لیں، ہم پاکستان کا پرچم کبھی نہیں چھوڑیں گے، کیونکہ بلوچستان کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور ملک کی سالمیت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

کوئٹہ میں نوابزادہ شہید سراج رئیسانی کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ تین روز قبل بیلہ میں پاک فوج کے 11 جوان وطن پر قربان ہوئے، جبکہ گزشتہ روز پانچ معصوم حجاموں کو دہشت گردوں نے شہید کر دیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ ہماری روایات کا حصہ ہے؟ کیا ان واقعات کی کوئی مذمت کر رہا ہے یا ان کے خلاف کوئی دھرنا دیا جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ ایک منظم سازش ہے جسے پوری قوم نے متحد ہو کر ناکام بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انسانی حقوق کی آڑ میں دہشتگردی کا تحفظ؟ ماہ رنگ لانگو کے خفیہ ایجنڈے کے پیچھے کارفرماؤں کا چہرہ بے نقاب

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دو ماہ قبل دہشت گردوں نے ان کے چھوٹے بھائی کو زخمی کیا، تاہم وہ آج بھی دہشت گردوں کے خلاف سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی، بلوچستان پولیس اور پاک افواج دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں، لیکن افسوس کہ ایک طرف ریاست کے اہلکاروں اور شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے اور دوسری جانب الزام بھی ریاست ہی پر عائد کیا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہید نوابزادہ سراج رئیسانی کی قربانی بلوچستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سراج رئیسانی صوبے میں مشکل حالات کے دوران دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑے رہے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Related Articles