لاہور میں متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے آٹا اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث روٹی کی قیمت بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے نانبائیوں کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث موجودہ قیمتوں پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے مطابق آٹے کی قیمت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایل پی جی کے نرخ بھی بڑھ گئے ہیں، جس سے نان بائیوں کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
نانبائیوں کا مؤقف ہے کہ حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات کے باوجود اس کے حقیقی فوائد عوام اور کاروباری طبقے تک نہیں پہنچ سکے، ان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ایل پی جی اب بھی مہنگی قیمت پر دستیاب ہے، جس کے باعث تندور چلانے کے اخراجات بڑھ گئے ہیں۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آٹا، گیس، بجلی اور دیگر ضروری اخراجات میں اضافے کے بعد روٹی کی موجودہ قیمت برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے، اس لیے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔
نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اعلان جلد کیا جائے گا، جس کے بعد لاہور میں روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے روٹی کی قیمت میں اضافے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی پہلے ہی عام آدمی کے لیے بڑا مسئلہ بن چکی ہے، ایسے میں بنیادی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ مزید مشکلات پیدا کرے گا۔
انتظامیہ کی جانب سے تاحال نان روٹی کی نئی قیمتوں کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کی نگرانی اور گراں فروشی کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔