برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 91 سالہ ایلن اسٹل نے عمر کو اپنی راہ کی رکاوٹ بننے کے بجائے ایک نئے ایڈونچر کا انتخاب کرتے ہوئے اسکائی ڈائیونگ کی اور سب کی توجہ حاصل کر لی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلن اسٹل نے سرے میں قائم ایک کمیونٹی سینٹر کے لیے فنڈز جمع کرنے کی مہم کے تحت اسکائی ڈائیونگ کی، جس کے ذریعے تقریباً 5 ہزار ڈالر جمع کیے گئے۔
کمیونٹی سینٹر نے ایلن اسٹل کی اسکائی ڈائیونگ کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ان کی ہمت اور فلاحی جذبے کو سراہا۔اس منفرد کارنامے کے اعتراف میں رولیز سینٹر کے عملے نے انہیں ایک یادگاری مگ بھی تحفے میں دیا، جس پر اسکائی ڈائیونگ کے دوران لی گئی ان کی تصویر چھپی ہوئی ہے۔
اپنے تجربے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ایلن اسٹل نے کہا کہ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے کا لمحہ ان کی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک تھا، اگرچہ انہیں محسوس ہوا کہ یہ تجربہ بہت جلد ختم ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ 91 سال کی عمر میں اسکائی ڈائیونگ کریں گے، لیکن یہ تجربہ اتنا دلچسپ رہا کہ اب وہ دوبارہ بھی یہ ایڈونچر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔