سعودی عرب میں گرمیوں کے دوران مدینہ منورہ کے دیہی فارم رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے نئی تفریحی منزل بن کر ابھر رہے ہیں۔ قدرتی ماحول، سرسبز مناظر اور نسبتاً ٹھنڈی فضا کے باعث یہ مقامات شام کے اوقات میں بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق درختوں اور فصلوں کی مسلسل آبپاشی کی وجہ سے ان فارموں کا ماحول شہر کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں زیادہ خوشگوار محسوس ہوتا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں بھی کچھ حد تک کمی محسوس کی جاتی ہے۔
سیاحوں اور خاندانوں کی سہولت کے لیے متعدد فارموں پر بیٹھنے کے لیے آرام دہ مقامات، پانی کے چھڑکاؤ کا نظام، کیفے اور مقامی روایتی کھانوں کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ بچوں کے لیے کھیل کے میدان اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ فارم ہر عمر کے افراد کے لیے ایک پرکشش مقام بنتے جا رہے ہیں۔
مدینہ منورہ کے یہ دیہی فارم، جو کبھی صرف زرعی سرگرمیوں تک محدود تھے، اب گرمیوں کی شاموں میں سکون، قدرتی حسن اور خاندانی تفریح کے منفرد مراکز کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔