واٹس ایپ آئی فون صارفین کے لیے ایک نئے کلاؤڈ بیک اپ فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے چیٹس کو ایپل کے آئی کلاؤڈ کے بجائے براہِ راست واٹس ایپ کے اپنے سرورز پر محفوظ کیا جا سکے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر ابھی تیاری کے مرحلے میں ہے اور فی الحال بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں۔
اس وقت آئی فون پر واٹس ایپ چیٹس کا بیک اپ آئی کلاؤڈ پر محفوظ کیا جاتا ہے، تاہم ایپل مفت صارفین کو صرف 5 جی بی کلاؤڈ اسٹوریج فراہم کرتا ہے، جو تصاویر، ویڈیوز، دستاویزات، ڈیوائس بیک اپ اور دیگر ایپس کے ڈیٹا کے ساتھ مشترکہ طور پر استعمال ہوتی ہے۔
اسی وجہ سے واٹس ایپ چیٹس، تصاویر اور ویڈیوز کا بیک اپ اکثر دستیاب اسٹوریج جلد بھر دیتا ہے، جس سے صارفین کو اضافی کلاؤڈ اسٹوریج خریدنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔
اس مسئلے کے حل کے لیے واٹس ایپ اپنی الگ کلاؤڈ بیک اپ سروس متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے بعد آئی فون صارفین اپنی سہولت کے مطابق آئی کلاؤڈ یا واٹس ایپ کے سرورز میں سے کسی ایک آپشن کو بیک اپ کے لیے منتخب کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق آئی کلاؤڈ بدستور ڈیفالٹ بیک اپ آپشن رہے گا، جبکہ جو صارفین واٹس ایپ کے سرورز استعمال کرنا چاہیں گے، وہ نئی سیٹنگ کے ذریعے یہ آپشن منتخب کر سکیں گے۔توقع کی جا رہی ہے کہ اس فیچر سے صارفین کو بیک اپ کے لیے زیادہ لچک، بہتر رازداری اور کلاؤڈ اسٹوریج کے اضافی متبادل دستیاب ہوں گے۔