موسیقی اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والا نیا چیٹ بوٹ متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب ایپ کے اندر ہی سوالات پوچھ سکیں گے اور اپنی پسند کے مطابق موسیقی دریافت کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر موبائل صارفین کے لیے جاری کیا جا رہا ہے اور اسے ہوم اسکرین اور ناؤ پلیئنگ سیکشن سے استعمال کیا جا سکے گا۔ صارفین ٹائپنگ یا آواز کے ذریعے چیٹ بوٹ سے بات چیت کر سکیں گے۔
نیا اے آئی اسسٹنٹ صارفین کو ان کی پسندیدہ موسیقی، سننے کی سابقہ تاریخ، پوڈکاسٹس اور آڈیو بکس کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا، جبکہ نئی موسیقی اور فنکار دریافت کرنے میں بھی مدد دے گا۔
صارفین موسیقی چلنے کے دوران بھی چیٹ بوٹ سے سوالات کر سکیں گے، جیسے کسی گانے کی کہانی، اس کا میوزک جینر، البم کی ریلیز کی تاریخ یا متعلقہ فنکاروں کے بارے میں معلومات۔
اس کے علاوہ اے آئی چیٹ بوٹ صرف ایک کمانڈ پر گانے محفوظ کرنے، پلے لسٹ یا قطارمیں شامل کرنے، فنکاروں کو فالو کرنے اور میوزک پلے بیک کو کنٹرول کرنے کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔
اسپاٹیفائی کے مطابق یہ فیچر ابتدائی مرحلے میں بیٹا ورژن کے طور پر 18 سال یا اس سے زائد عمر کے پریمیم صارفین کے لیے امریکا، آئرلینڈ اور سویڈن میں متعارف کرایا گیا ہے۔ کمپنی نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ بیٹا مرحلہ کب تک جاری رہے گا یا یہ فیچر دیگر ممالک میں کب دستیاب ہوگا۔