بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خواتین کے لیے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سہ ماہی مالی امداد کی ادائیگی کے نئے نظام کے تحت رقم ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہونے پر متعلقہ بینک کی جانب سے تصدیقی ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔
بی آئی ایس پی کے مطابق جب مستحق خواتین کی سہ ماہی امدادی رقم ان کے ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہوگی تو انہیں بینک کی جانب سے ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں آگاہ کیا جائے گا کہ رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی گئی ہے۔
ادارے نے بتایا کہ امدادی رقم وصول کرنے کے بعد مستحق خواتین کو ایک اور ایس ایم ایس بھی موصول ہوگا، جس میں نکلوائی گئی رقم کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی۔ اس کے ذریعے وہ آسانی سے معلوم کر سکیں گی کہ ان کے اکاؤنٹ میں کتنی رقم منتقل ہوئی اور کتنی رقم نکلوائی گئی۔
بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی ریٹیلر مکمل رقم ادا نہ کرے یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی کٹوتی کرے تو وہ موصول ہونے والے ایس ایم ایس کی بنیاد پر اپنی پوری رقم کا مطالبہ کریں اور متعلقہ حکام کو شکایت بھی درج کرائیں۔
ادارے کے مطابق نئے نظام کا مقصد ادائیگیوں میں شفافیت کو یقینی بنانا، غیر قانونی کٹوتیوں کا خاتمہ کرنا اور مستحق خواتین کے مالی حقوق کا بہتر تحفظ فراہم کرنا ہے۔