پاکستانی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن، رواں سال ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ہوگا،وزیراعظم

پاکستانی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن، رواں سال ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ہوگا،وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے اور رواں سال ملک میں معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ثابت ہوگا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کے ٹیکس نظام میں جاری اصلاحات، ایف بی آر کی کارکردگی اور ٹیکس وصولیوں میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کاروباری برادری کو قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے، پیداوار بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک روزگار کے مواقع سے آگاہی اور ڈیٹا فراہمی کے لیے اقدامات تیز کریں، شہباز شریف

وزیراعظم نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ کاروباری برادری کے ساتھ مکمل تعاون کرے اور ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف نے ایف بی آر کے سینئر افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی کا دورہ کریں اور کاروباری برادری سے براہ راست رابطہ قائم کریں تاکہ ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کی خدمات کا اعتراف بھی کیا جائے گا، تاکہ ٹیکس کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا، برآمدات میں اضافہ کرنا اور ٹیکس نظام پر کاروباری طبقے کا اعتماد بحال کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان مشکل وقت میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑا ہے،شہباز شریف

اجلاس کے دوران ایف بی آر حکام نے وزیراعظم کو ٹیکس اصلاحات، کارکردگی اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شوگر، سیمنٹ، ٹوبیکو، ٹائلز اور فرٹیلائزرز کی صنعتوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کامیابی سے نصب کیا جا چکا ہے، جبکہ ٹیکسٹائل اور مشروبات کی صنعتوں میں اس نظام کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جس کے باعث گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف صنعتوں سے اضافی ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا۔

وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات پر پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال، شفافیت اور مؤثر نگرانی کے ذریعے ٹیکس نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

editor

Related Articles