عمرہ کرنے والوں کی بڑی مشکل حل، حکومت نے نئے قواعد نافذ کر دیے

عمرہ کرنے والوں کی بڑی مشکل حل، حکومت نے نئے قواعد نافذ کر دیے

وفاقی حکومت نے حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت نئے عمرہ رولز کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت عمرہ آپریشنز رجسٹریشن نگرانی اور ریگولیٹری امور کے لیے نیا نظام نافذ کر دیا گیا ہے نئے قواعد کا مقصد عمرہ زائرین کو محفوظ شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ عمرہ سے متعلق تمام انتظامی ریگولیٹری اور نگرانی کے امور وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دائرہ اختیار میں ہوں گے نئے نظام کے تحت صرف وہی کمپنیاں عمرہ سروسز فراہم کر سکیں گی جو وزارت مذہبی امور سے باقاعدہ تصدیق شدہ ہوں گی۔

وزارت مذہبی امور نے عمرہ پالیسی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور کریں گے جبکہ وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت قانون و انصاف اور کابینہ ڈویژن کے سینئر افسران بھی اس کے ارکان ہوں گے۔

کمیٹی تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد نئی عمرہ پالیسی تیار کرے گی جسے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:صرف 10 لاکھ میں کون سی گاڑی ملے گی ؟ مکمل فہرست آگئی

وزارت نے تمام عمرہ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق اپنے نسک (Nusuk) معاہدوں کی فوری تصدیق کروائیں تاکہ انہیں مستند عمرہ آپریٹرز کی فہرست میں شامل کیا جا سکے

وزارت کی جانب سے منظور شدہ تمام کمپنیوں کی فہرست سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی تاکہ عوام آسانی سے مستند آپریٹرز کی شناخت کر سکیں۔

وزارت مذہبی امور نے عمرہ زائرین کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ صرف وزارت سے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کے ذریعے ہی اپنی بکنگ کرائیں۔ غیر رجسٹرڈ یا غیر مصدقہ کمپنیوں کے ذریعے بکنگ کی صورت میں پیدا ہونے والے مسائل کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر ہوگی جبکہ وزارت صرف انہی کمپنیوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی کرے گی جو اس کے ساتھ باقاعدہ رجسٹرڈ ہوں گی۔

وزارت نے زائرین کو یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ عمرہ پیکیج کی ادائیگی ہمیشہ بینکنگ چینل کے ذریعے کریں اور تمام رسیدیں معاہدے اور دیگر متعلقہ دستاویزات محفوظ رکھیں تاکہ کسی بھی تنازع یا شکایت کی صورت میں ان کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے عمرہ رولز کے نفاذ سے عمرہ سیکٹر میں شفافیت جوابدہی اور بہتر نگرانی ممکن ہوگی جبکہ غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی آپریٹرز کی حوصلہ شکنی کے ساتھ زائرین کے مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles