وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے بجلی صارفین کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بجلی مزید سستی ہونے والی ہے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخ پہلے ہی کم ہو چکے ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں مزید کمی کی توقع ہے، جس سے صنعتوں اور عام صارفین کو ریلیف ملے گا اور ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب دنیا ایک امن پسند ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے جبکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی تسلیم کیا جا رہا ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے متوازن اور بہترین بجٹ پیش کیا ہے، جسے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سراہا ہے، بجٹ کے ذریعے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
ہارون اختر خان کے مطابق متعدد چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں اور صنعتی منصوبوں کے لیے زمین کے حصول پر کام جاری ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ملک میں خصوصی صنعتی زونز قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہیلتھ سیکٹر میں 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔