پیٹرول کے وافر ذخائر موجود، مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، احد چیمہ

پیٹرول کے وافر ذخائر موجود، مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، احد چیمہ

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، ایندھن کی کوئی قلت نہیں ہے، تاہم مصنوعی قلت پیدا کرنے اور منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور کی زیر صدارت گندم اور پیٹرولیم مصنوعات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے گندم کی طلب و رسد اور ایندھن کی دستیابی پر بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران چیف سیکریٹریز نے بتایا کہ اس وقت صوبوں میں گندم کی طلب اور رسد معمول کے مطابق ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق وزیر اعظم نے بڑا حکم جاری کردیا

احد چیمہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں، منافع خوری کے لیے مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے پیٹرول پمپس اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی میں تعاون فراہم کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جائز کاروبار کرنے والوں کو بلاوجہ پریشان نہیں کیا جائے گا، تاہم ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری پر قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گندم کی اضافی ضروریات کو پاسکو کے ذخائر سے پورا کیا جائے گا، جبکہ عوام اور کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ اور گندم کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے متعلقہ حکام کو گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

editor

Related Articles