پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے اداکار فہد مصطفیٰ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ کے درمیان جاری تنازع پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے دونوں شخصیات کو محتاط رویہ اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران میزبان نے وسیم عباس سے فہد مصطفیٰ کے اس بیان پر سوال کیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بعض فیملی وی لاگرز اپنے خاندان کو فروخت کرتے ہیں۔ اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ اور رجب بٹ کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی تھی۔
جواب میں وسیم عباس نے کہا، ’’رجب بٹ کو کون جانتا ہے؟ فہد مصطفیٰ پاکستان کے بڑے ہیروز میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ انڈسٹری کی کامیاب ترین شخصیات میں سے ایک ہیں۔ اگر کوئی فہد مصطفیٰ کو نہیں جانتا تو شاید وہ جنگل میں رہتا ہوگا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے آج تک رجب بٹ کی کوئی ویڈیو یا کلپ نہیں دیکھی، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ مقبول نہیں ہیں۔وسیم عباس کے مطابق فہد مصطفیٰ کی شہرت صرف ڈراموں اور فلموں تک محدود نہیں بلکہ گیم شو ’’جیتو پاکستان‘‘ نے بھی انہیں ملک بھر میں گھر گھر متعارف کرایا ہے۔
تاہم سینئر اداکار نے رجب بٹ کی مقبولیت کو بھی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوٹیوب کی دنیا کے بڑے اسٹار ہیں اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
وسیم عباس نے تنازع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فہد مصطفیٰ کو فیملی وی لاگرز کے بارے میں اتنا سخت بیان نہیں دینا چاہیے تھا، جبکہ رجب بٹ کو بھی اس کا جواب زیادہ نرم، مہذب اور شائستہ انداز میں دینا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے اپنی جگہ، لیکن عوامی شخصیات کو ایک دوسرے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔