امریکی ریپر پِٹ بل کے لندن میں ہونے والے کنسرٹ نے موسیقی کی دنیا میں ایک منفرد گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا، جہاں ہزاروں مداح اپنے پسندیدہ گلوکار کے مخصوص انداز میں شریک ہوئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کے بی ایس ٹی ہائیڈ پارک میں ہونے والے کنسرٹ میں 22 ہزار 141 افراد نے گنجے سر جیسی دکھائی دینے والی بالڈ کیپس پہن رکھی تھیں، جس کے بعد ایک ہی مقام پر سب سے زیادہ افراد کے بالڈ کیپس پہننے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم ہوگیا۔گنیز ورلڈ ریکارڈز کے جج ول منفورڈ نے موقع پر اس ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق بھی کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے پِٹ بل کے مداح ان کے مخصوص انداز، یعنی بالڈ کیپ، سیاہ چشمہ اور سوٹ پہن کر کنسرٹس میں شرکت کرتے ہیں۔ اس رجحان کی مقبولیت اتنی بڑھی کہ مداحوں نے خود کو’بالڈیز‘کہنا شروع کر دیا۔
پِٹ بل نے ماضی میں خواہش ظاہر کی تھی کہ ان کے مداحوں کا یہ منفرد انداز گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنے، جو اب حقیقت میں تبدیل ہو گیا ہے۔تقریباً 70 ہزار شائقین کی موجودگی میں ہونے والا یہ شو بی ایس ٹی ہائیڈ پارک فیسٹیول کی تاریخ کا سب سے زیادہ حاضرین والا کنسرٹ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کو دنیا بھر کے مداحوں نے پِٹ بل کے آفیشل یوٹیوب چینل پر تقریباً 3 گھنٹے کی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے بھی دیکھا۔
کنسرٹ کے دوران پِٹ بل نے اپنے مقبول ترین گانے پیش کیے، جبکہ معروف فنکار لِل جون اور کیشا نے خصوصی پرفارمنس دے کر شو کو مزید یادگار بنا دیا۔
برطانوی مداحوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پِٹ بل نے مشہور بینڈ اویسس کا ایک معروف گانا بھی پیش کیا، جبکہ تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ ہوا، جس نے اس تاریخی موسیقی کی شام کو مزید یادگار بنا دیا۔