بارشوں کا نیا سلسلہ کب شروع ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی

بارشوں کا نیا سلسلہ کب شروع ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی نئی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر سے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ داخل ہوگا، جو ملک کے مختلف حصوں پر اثر انداز ہوگا۔ اس سسٹم کے زیرِ اثر مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، مری اور خطہ پوٹھوہار میں 19 سے 23 جولائی کے دوران بارشیں متوقع ہیں، جبکہ راولپنڈی سمیت پنجاب کے متعدد نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور زیرِ آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 19 سے 23 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی اسی عرصے کے دوران آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 18 سے 25 جولائی تک موسلا دھار بارشوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دیامر میں سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ، شاہراہِ قراقرم بند، مسافر پھنس گئے

ادھر وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ رابطوں اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کا بروقت اور مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو پیشگی اقدامات، ہنگامی ردعمل کے انتظامات اور مون سون بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارے کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آج کہاں بارش ہوگی، کہاں حبس کا راج ہوگا، محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی

اس موقع پر وزیراعظم کو پیشگی اطلاع کے نظام کو مکمل طور پر فعال بنانے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ تعاون کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

Related Articles