سرفرا ز بکٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب ، حکومت اور دھرنا کمیٹی میں معاہدہ طے پا گیا

سرفرا ز بکٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب ، حکومت اور دھرنا کمیٹی میں معاہدہ طے پا گیا

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب ہو گئیں، حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو گئے، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان تحریری معاہدہ طے پا گیا۔

معاہدے کے مطابق حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی نے شہدائے زیارت کے لواحقین کے مطالبات پر عملدرآمد اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام معاملات کو باہمی مشاورت اور آئینی و قانونی طریقہ کار کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔

معاہدے کے تحت شہدائے زیارت کے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے اور ذمہ دار عناصر کا تعین ممکن ہو۔

 یہ بھی پڑھیں :دہشت گردی کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے، پاکستان کا پرچم ہر حال میں سربلند رہے گا: سرفراز بگٹی

  وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اپوزیشن جماعتوں اور شہدائے زیارت کے لواحقین کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں سیکیورٹی، عوامی تحفظ اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔

تحریری معاہدے کے مطابق بلوچستان کے شہری علاقوں میں پولیس فورس کی استعداد، افرادی قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مؤثر انداز میں بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو بہتر تحفظ فراہم ہو۔

حکومت بلوچستان نے یہ بھی اتفاق کیا کہ شہدائے زیارت کو مروجہ حکومتی پالیسی کے تحت شہید کا درجہ دیا جائے گا جبکہ ان کے لواحقین کی کفالت، بچوں کی تعلیم اور مالی معاوضہ بھی پالیسی کے مطابق فراہم کیا جائے گا۔

معاہدے میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سرکاری عمارات ان کے نام سے منسوب کی جائیں گی تاکہ ان کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔

ریونیو سے متعلق عوامی تحفظات کے ازالے کے لیے وزیر ریونیو کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں متعلقہ سرکاری افسران اور علاقے کے معتبرین کو شامل کیا جائے گا۔ یہ کمیٹی عوامی شکایات اور مسائل کا جائزہ لے کر قابلِ عمل سفارشات مرتب کرے گی۔

 یہ بھی پڑھیں :بلوچ قوم کولاحاصل جنگ کی طرف دھکیلنےنہیں دیں گے: سرفراز بگٹی

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء حکومت کو بے حد عزیز ہیں اور ان کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال حکومت بلوچستان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم ان کی عظیم خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

editor

Related Articles