پیٹرول وڈیزل مہنگا ہونے پر ٹرانسپورٹروں کا کرایوں میں اضافے کا اعلان

پیٹرول وڈیزل مہنگا ہونے پر ٹرانسپورٹروں کا کرایوں میں اضافے کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے فوری طور پر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافے کے بعد پرانے کرایوں پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت کی حالیہ پالیسیوں نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ایندھن ہی نہیں بلکہ ٹول ٹیکس ود ہولڈنگ ٹیکس مختلف چالان اور دیگر اخراجات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کے لیے گاڑیاں سڑکوں پر چلانا انتہائی مہنگا ہو چکا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ٹول ٹیک ود ہولڈنگ ٹیکس اور غیر ضروری جرمانے ختم کرے تاکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو ریلیف مل سکے۔ ان کے مطابق اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو مزید ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے جس سے ملک میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کا بل کب آئے گا؟ حکومت نے صارفین کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ براہِ راست ٹرانسپورٹ کے شعبے کو متاثر کرتا ہے کیونکہ ملک بھر میں مال برداری کا زیادہ تر انحصار ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں پر ہے ان کا کہنا تھا کہ جب ایندھن مہنگا ہوگا تو اس کا بوجھ بالآخر صارفین پر منتقل ہوگا۔

 حکومت نے حالیہ نظرثانی میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ قیمتیں 18 سے 20 جولائی تک نافذ العمل رہیں گی۔

دوسری جانب حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 242 روپے 33 پیسے فی لیٹر تھی۔

گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کے اثرات جلد ہی مارکیٹ میں نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔ سبزیوں، پھلوں، آٹے، چینی، دالوں، گھی، سیمنٹ، اسٹیل اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی ترسیل مہنگی ہونے سے ان کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ متوقع ہے جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو نئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوں گے، جس سے ملک بھر میں سامان کی ترسیل اور تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

editor

Related Articles